منگلورو 6/ اکتوبر (ایس او نیوز) ایک المناک واقعہ میں کنکن ناڈی میں واقع ایک نرسنگ کالج کی طالبہ نے خودکشی کرلی جس کی شناخت کیرالہ کاسرگوڈ کی رہنے والی نینا (19 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مہلوک نینا شہر کے ایک نجی نرسنگ کالج میں بی ایس سی نرسنگ کے پہلے سال کی طالبہ تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نینا نے کل کالج ہاسٹل کے باتھ روم میں پھندے سے لٹک کر خودکشی کی کوشش کی تھی ۔ جس کے بعد اسے ایک نجی ہاسپٹل میں علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا ۔ لیکن علاج کارگر نہ ہونے کی وجہ سے اس جان چلی گئی ۔
نینا نے خودکشی سے قبل جو ڈیتھ نوٹ چھوڑا ہے اس کے مطابق وہ کالج کی فیس ادا نہیں کر پارہی تھی ۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاید فیس ادا کرنے کی وجہ سے اسے ہراساں کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے اس نے تنگ آکر خودکشی جیسا انتہائی اقدام کیا ۔
اس ضمن میں کدری پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ تحقیقات جاری ہے ۔